اسلام آباد(ویب ڈیسک) ایل این جی سکینڈل میں قومی احتساب بیورو(نیب)نے شاہد خاقان عباسی کے بیٹوں اور ان کی بیویوں کو بھی شامل تفتیش کرلیا،شاہد خاقان عباسی کے دونوں بیٹوں اور انکی بیویوں نے بیان قلمبند کرادیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) نے ایل این جی سکینڈل میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن
کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کے بیٹوں اور ان کی بیویوں کو بھی طلب کرلیا،عبداللہ اور حیدر شاہد خاقان اپنی اپنی اہلیہ کے ساتھ نیب راولپنڈی کے آفس میں پیش ہوئے،نیب نے شاہد خاقان عباسی کی بہوﺅں کو بھی شامل تفتیش کرلیا،شاہد خاقان کے دونوں بیٹوں اور انکی بیویوں نے بیان قلمبند کرادیا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے 10 اکتوبر کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے . اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی درخواست پر سماعت کی . ایسوسی ایٹ وکیل شاہ خاور نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں کیس تھوڑی دیر ملتوی کیا جائے، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ اگر وہ گیارہ بجے کے بعد آئیں گے، تو تب تک انتظار نہیں کیا جاسکتا .جونیئر وکیل نے عدالت سے کہا کہ آئندہ کی کوئی مختصر تاریخ دے دیں، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے . واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مزید دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظور کر لی تھی . ہائی کورٹ نے ہدایت کی تھی کہ الیکشن کمیشن میں زیرالتوا پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تفصیلات بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائی جائیں معززجج نے ثقلین حیدر اعوان کے لا آفیسر مقرر ہونے کا نوٹیفکیشن بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی تھی .