راولپنڈی : لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستان فوج کا اہلکار شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامی ’’آئی ایس پی آر‘‘ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر میں ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا۔ پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے شہید سپاہی کا نام شمس ہے اور وہ گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں تحصیل گوپس کے گاؤں شنگلوٹ کا رہائشی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرکے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک کئی بے گناہ شہری بھی جاں بحق ہوچکے ہیں۔