لاہور (یس ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اہلیان لاہور نے شیطانی سونامی کو مسترد کر دیا ہے،ہر سیاسی جماعت کا کچرا ان کے کنٹینر پرجمع ہو چکا ہے، مذاکرات کا راستہ ہم نے کبھی بند نہیں کیا، عمران خان کو جوڈیشل کمیشن بنوانا ہے تو پارلیمنٹ میں واپس آئیں۔ لاہور میں تحریک انصاف کے شٹ ڈاؤن کا سورج غروب ہوا تو عمران خان کے بیانات پر خواجہ سعد رفیق، ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری اور مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ رد عمل دینے سامنے آگئے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف در حقیقت تحریک انتقام بن چکی ہے، پی ٹی آئی کے بلوائیوں نے لاٹھیاں اور ڈنڈے برسا کر ثابت کر دیا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں انھیں اصلی ووٹ نہیں ملے، وہ اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے بغل بچے کا کردار ادا کر رہے تھے، آج جو کچھ کیا اس کا حق انہیں حاصل نہیں تھا۔ سعد رفیق نے کہا کہ سیاست میں بند گلی کا راستہ نہیں اپنایا جاتا، جوڈیشل کمیشن کا معاملہ کوئی چھو منتر سے حل نہیں ہو گا
پھر بھی اگر یہ چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں واپس آئیں، وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ایک تلوار گردن پر رکھ کر عمران خان کہتے ہیں کہ ان کی شرطیں مانیں وہ بھی غیر آئینی اور غیر قانونی، یہ ممکن نہیں۔ مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا ہے، خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ایسی حرکتیں کرتے ہیں کہ انہیں گرفتار کیا جائے تا کہ انہیں شہرت ملے۔