بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کریک ڈاؤن، کارکنوں سے جھڑپیں، پتھراؤ کے جواب میں آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے، پکڑ دھکڑ میں مردان کے ایم پی اے سمیت چالیس کارکن دھر لئے گئے اور دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی پر جیل منتقل کر دیئے گئے۔
اسلام آباد/راولپنڈی: پی ٹی آئی کے لاک ڈاؤن سے پہلے حکومت نے کریک ڈاؤن کر ڈالا۔ بنی گالہ میں سارے دن کی جھڑپوں کے بعد کپتان کے کھلاڑیوں کی پکڑدھکڑ عروج پر پہنچ گئی۔ چالیس سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل محمود خان اور صوبائی مشیر محب اللہ کی قیادت میں آئے کارکن بھی پکڑے گئے۔مردان سے رکن اسمبلی عبید مایار بھی ترنول سے حراست میں لے لئے گئے۔ تمام کارکنوں کو دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کے مقدمے میں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
اس سے قبل دن بھر عمران خان چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں وقفے وقفے سے تصادم جاری رہا۔ پتھراؤ، جھڑپیں اور شیلنگ جاری رہی۔ پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اہلکار بھی عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تعینات رہے۔