لندن : برطانوی حکام نے گذشتہ برس لندن برج حملے میں شہریوں کی جان بچانے والے آٹھ افراد کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے برطانیہ کے بڑے بہادری ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں گذشتہ برس لندن برج پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں لوگوں کی جان بچانے والے اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے تین پولیس اہلکاروں اور 5 عام شہریوں کو بہادری کا مظاہرہ کرنے پر’سولین گیلنٹری‘ لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملکہ برطانیہ نے کل 20 افراد کو ’ناقابل فراموش بہادری‘ دکھانے پر برطانیہ کے بڑے بہادری ایوارڈ دینے کی منظوری دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہسپانوی سیاح ’اگناکیو اچیویرا‘ اور ’کرسٹی بوڈن‘ نے لندن برج حملے کے دوران دیگر متاثرین کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی تھی، حکام کی جانب سے انہیں بھی گیلنڑی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملکہ برطانیہ نے ہسپانوی بینکر ’اچیویرا‘ کو برطانیہ کا بہادری ایوارڈ ’جارج میڈل‘ دینے کا اعلان کیا ہے، جنہوں نے لندن برج حملے کے دوران چاقو بردار شخص سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی تھی۔
برطانیہ کی ایوارڈ دینے والی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہسپانوی شخص کی بہادری ناقابل فراموش ہے، جس کی ہمت و شجاعت نے کئی جانیں ضائع ہونے سے بچائی اور جائے حادثہ پر موجود دیگر افراد کو اپنی جان بچانے کا موقع ملا۔
ایوارڈ کمیٹی کا کہنا تھا کہ لندن برج حملے کے دوران مقامی اسپتال کی نرس ’کرسٹی بوڈن‘ کو بھی ’جارج میڈل‘ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو حملے میں متاثرہ افراد کی جان بچانے کی کوشش کررہی تھی اور خود دہشت گردی کا نشانہ بن گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بوڈن کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ’بوڈن‘ پر فخر محسوس کررہے ہیں، کیوں کہ ملکہ برطانیہ کی جانب سے جارج میڈل دے کر اس کی بہادری کا اعتراف کیا جارہا ہے۔
لندن برج حملے میں شدید زخمی ہونے والے برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس اہلکاروں کو بھی جارج میڈل دینے کا اعلان کیا ہے، جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا تھا۔ جبکہ دیگر افراد کو ’کوئن کامنڈیٹشن‘ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق سول ایواڈ کے لیے نامزد کیے جانے والے افراد میں چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے متاثرین کو طبی امداد فراہم کرنے والا عملہ اور دو بحری جہاز ڈوبنے کے بعد 63 افراد کو ریسکیو کرنے والے 4 مرد بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام نے مختلف حادثات لوگوں جان بچاتے اپنی جان قربان کرنے والے ایک سیاح اور بزرگ کو بھی برطانیہ کا سول ایواڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔