پیرس (اے کے راؤ) لندن میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے حوالے سے تیار کیے گئے امن نصاب کی تقریب رونمائی میں برطانیہ کے پاکستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، صحافی و سماجی تنظیموں اور سرکردہ ممتاز پاکستانی شخصیات کے ساتھ ساتھ پاکستان عوامی تحریک فرانس کے وفد نے بھی جنرل سیکریٹری محمد نعیم چوھدری کی سربراہی میں امن نصاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری امن نصاب کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ISIS اور اس نوع کی دیگر تنظیمیں دہشتگرد اور خارجی ہیں ان کی تعلیمات کا اسلام اور قرآن سے کوئی تعلق نہیں۔
بے گناہ انسانوں کا خون بہانا اسلام اور قرآن کی بنیادی آئیڈیالوجی کے خلاف ہے۔ جہاد کے نام پر فساد کرنے والوں اور نوجوانوں کی برین واشنگ کرنے والوں کے خلاف پوری قوت سے ٹکرانے کا وقت آ گیا۔ ایسے دہشتگرد اور بے دین عناصر اسلام اور امت مسلمہ کو کمزور کررہے ہیں۔ اسلام امن اور محبت کا دین ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے جنرل سیکریٹری پاکستان عوامی تحریک فرانس نعیم چوھدری سے ملاقات میں ، فرانس میں پاکستان عوامی تحریک کے کام کو سراہتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کو تیز تر کرنے کا کہا۔وفد میں حاجی شبیر البدر اور حاجی عنصر محمود تھے۔