بلوچستان میں نگراں وزیر اعلیٰ کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کااجلاس ، حزب اقتدار کی جانب سے نامزد اراکین نے شرکت نہیں کی۔ نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ موجودہ وزیراعلیٰ قدوس بزنجوکاوزیراعلیٰ ہاؤس چھوڑنے کا ارادہ نہیں ہے۔حکومت کی جانب سے تینوں ممبران کمیٹی میں پیش نہیں ہوئے جس پر اجلاس کچھ دیر بعد ختم کردیا گیا۔اس موقع پر ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں اعتراضات کی گنجائش نہیں۔اجلاس کےبعد میڈیا سے گفتگو میں ثناءاللہ زہری نے کہا کہ بدقسمتی ہے حکومت کی جانب سے کوئی بھی پارلیمانی رکن نہیں آیا، اب اپنے تجویز کردہ چاروں نام اسپیکر کو دیں گے اور معاملہ الیکشن کمیشن میں جائے گا۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھاکہ حکومت آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے، ہم بالکل آئین کے مطابق چلے ہیں، جو کچھ حکومت کی طرف سے کیا جارہا ہے وہ ٹھیک نہیں، لگتا ہے موجودہ وزیراعلیٰ کا سی ایم ہاؤس چھوڑنے کا ارادہ نہیں۔