اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کے تقرر کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کا عندیہ دے دیا۔
نگراں وزیراعظم کے لیےاپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نےوزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ پانچ ملاقاتیں کیں جو بے نتیجہ نکلیں اور اب انہوں نے اس معاملے پر حکومتی رویے پر مایوسی کا اظہا ر کردیا ۔
پارلیمٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےخورشید شاہ کا کہنا تھاکہ لگتا ہے نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا،حکومت نگراں وزیراعظم کے معاملے پراپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں،اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہوسکتے بلکہ نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔
واضح رہے نگراں وزیراعظم کے لیے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، ناصر الملک، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی، سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر، سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبداللہ حسین ہارون کےنام زیر گردش ہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف اور امریکا میں پاکستان کےسفیر رہنے والے جلیل عباس جیلانی کے نام پیش کیےہیں۔
موجودہ حکومت کی آئینی مدت 31 مئی 2018 کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد نگراں حکومت آئندہ انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں سنھالے گی۔