لاس اینجلس میں 23 ویں سالانہ اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈزکا انعقاد کیا گیا جس میں ہالی ووڈ ستاروں نے جلوے بکھیرکر تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔
رنگا رنگ ایوارڈ کی تقریب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں فلمی اور ٹی وی اداکاروں نے شرکت کی۔ رواں سال گلڈ ایوارڈز کی نامزدگیوں میں بہترین فلموں کی کیٹیگری میں مانچسٹر بائی دی سی، فینسیز، کیپٹن فنٹاسٹک ،ہڈن فیگرزاور مون لائٹ شامل کی گئی تھیں جن میں ہڈن فیگرز نے میدان مار لیا اور بہترین فلم قرار پائی۔ بہترین اداکارکا ایوارڈ فلم فینسیز کیلئے ڈینزل واشنگٹن کو ملا جبکہ نامزدگیوں میں مانچسٹر بائی دی سی کیلئے کیسے ایفلک، ہیسکاریج کیلئے اینڈریو گافیلڈ، لالا لینڈ کیلئے ریان گوسلنگ اور کیپٹن فنٹاسٹک کیلئے ویگو مورٹنسن شامل کئے گئے تھے ۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لالا لینڈ کیلئے ایما اسٹون جیتنے میں کامیاب ہو گئیں جبکہ اس کیٹیگری کیلئے ایمی ایڈمز فلم ارائیول کیلئے ، دی گرل آن دی ٹرین میں بہترین اداکاری دکھانے کیلئے ایمیلی بلنٹ، نٹالی پورٹمین فلم جیکی کیلئے اورفلم فلورنس فوسٹر کیلئے میرل اسٹیپ کے نام شامل ہیں۔ بہترین معاون اداکاروں میں مہرشالاعلی(مون لائٹ) نے گلڈ ایوارڈ جیتا ۔بہترین معاون اداکاراؤں میں وویلا ڈیوس نے فلم فینسیزمیں بہترین اداکاری پیش کر کے ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس کے علاوہ بہترین ٹیلی ویژن ڈرامہ سیریز کا ایوارڈاسٹرینجر تھنگزنے حاصل کیاجبکہ بہترین ڈرامہ ایکٹر جان لیٹگو کو ڈرامہ دی کراؤن کیلئے اور بہترین ایکٹرس بھی دی کراؤن کیلئے کلیئر فوئے کو ملا۔ یہ رنگا رنگ ایوارڈ تقریب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں منعقد کی گئی جس میں دلکش ملبوسات میں ستاروں نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے اور بڑی تعداد میں فلمی اور ٹی وی اداکاروں نے شرکت کی۔