counter easy hit

کاٹن مارکیٹ میں کاروباری حجم کم، اسپاٹ ریٹ 100 روپے بڑھ گئے

کراچی: مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر استحکام جبکہ کاروباری حجم کم رہا۔

Low trade volume in the cotton market, spot rates increased to Rs.100

Low trade volume in the cotton market, spot rates increased to Rs.100

ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی جانب سے محدود خریداری جاری رہی، بہت ہی ضرورت مند ملز اکا دکا کام کرلیتی ہیں، نیا سیزن شروع ہونے تک ایسی ہی صورت حال جاری رہے گی، آئندہ سیزن کے لیے تقریبا پھٹی کی70 فیصد بوائی ہوچکی ہے۔ باقی ماندہ بوائی زور و شور سے جاری ہے، پانی کی رسد تاخیر سے ہونے کے سبب پیداوار میں 2، 3 ہفتوں کی تاخیر ہوسکتی ہے تاہم موصولہ اطلاعات کے مطابق بوائی گزشتہ سال سے زیادہ ہوگی۔ اگر موسمی حالات موافق رہے تو انشااللہ فصل اچھی ہونے کی توقع ہے۔ تاحال جنرز کے پاس روئی کی تقریبا ایک لاکھ 60 ہزار گانٹھوں کا اسٹاک رہ گیا ہے۔ صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 6500  تا 7000 روپے ہے۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 100 کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 6800 روپے کے بھا ؤپر بند کیا۔

کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ وزارت زراعت کی جانب سے حکومت کو کپاس کی فصل بڑھانے کے لیے کپاس کی حوصلہ افزائی کے لیے پھٹی کی امدادی قیمت فی40 کلو3000 روپے مقرر کی جائے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ فی الحال پھٹی کی بوائی تقریبا70 فیصد ہوچکی ہے تاہم ہنوز پھٹی کی امدادی قیمت مقرر نہیں کی جاسکی جبکہ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت کی حکومت نے پھٹی کی امدادی قیمت میں فی کیپل (100)کلو160 روپے کا مزید اضافہ کر دیا ہے تاکہ کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوسکے اور کپاس کی کاشت میں اضافہ ہوسکے۔

دوسری جانب بھارت کی حکومت کاشتکاروں کو دیگر مراعات بھی دے رہی ہے۔ اسی سے بھارت کپاس پیدا کرنے والا دنیا کا پہلے نمبر کا ملک ہوجائے گا۔ آئندہ سال بھارت، امریکا، افریقہ، آسڑیلیا، برازیل وغیرہ کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں کپاس کی پیداوار زیادہ ہونے کا عندیہ دیا جارہا ہے۔ ہماری حکومت بھی کپاس کی پیداوار بڑھانے کی کاوشیں کر رہی ہے۔ اگر بروقت مناسب اقدامات کیے گئے تو انشا اللہ آئندہ سیزن میں کپاس کی پیداوار میں 10 تا 15 فیصد اضافہ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ گو کہ اس وقت کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم کاشتکاروں کا حوصلہ بلند نظر آرہا ہے۔

نسیم عثمان کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران بین الاقوامی کاٹن مارکیٹ میں کپاس کے بھاؤ میں خصوصی طور پر نیو یارک کاٹن مارکیٹ میں ختم ہونے والے جولائی وعدے میں گزشتہ 4 روز میں 14 امریکن سینٹ کا غیر معمولی اتار چڑھا ہوا۔ بھارت اور چین کی کاٹن مارکیٹوں میں بھی اتار چڑھاؤ کا عنصر دیکھا گیا۔ ملک میں خصوصی طور پر حکومت کی جانب سے عدم توجہ کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر کی زبوں حالی کے باعث کپاس کے کاروبار پر مجموعی طور پر سردبازاری غالب رہی۔

علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے 15 جولائی سے کپاس کی درآمد پر5 فیصد سیلز ٹیکس اور4 فیصد کسٹم ڈیوٹی دوبارہ عائد کردی گئی ہے۔ اگر ملک میں کپاس کی پیداوار تسلی بخش نہ ہوئی تو پہلے ہی بحران میں مبتلا ٹیکسٹائل سیکٹر کو ایک دھچکا اور لگے گا۔ نسیم عثمان کے مطابق موصولہ اطلاعات کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ میں ٹیکسٹائل و اسپننگ اور جنرز سیکٹر کو ریلیف دیے جانے کا امکان بتایا جا رہا ہے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website