بیجنگ….چین میں نئے قمری سال کے آغاز پر ملک بھر میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں ۔ چینی حکام نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔
عوام سے کہا گیاہے کہ وہ آتش بازی سے گریز کریں ، خوشی اور مسرت کے اس موقع پر کوئی ایسا اقدام نہ کریں جس سے جائیداد یا جان کا نقصان ہو ۔پولیس نے عوام کی آگاہی کے لیےجگہ جگہ بینرز آویزاں کر رکھے ہیں اور فون کال کے ذریعے بھی لوگوں کو خبردار کیا جارہا ہے۔ملک بھر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ گاڑیوں میں دھماکہ خیزمواد نہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔گزشتہ سال اگست میں دھماکہ خیزمواد کے باعث 173افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے جن میں 104فائر فائٹرز تھے ۔ پولیس نے ایمر جنسی نمبر جاری کر دیئے ہیں ۔اندازہ لگا یا گیا ہے کہ دو ارب 90کروڑ افراد کی نئے سال کی خوشی منانے کے لیے گھروں سے نکلیں گے اسی لیے لوگوں کو ٹریفک حادثات سے بچنے کی تلقین کی جارہی ہے ۔ٹریفک پولیس کو اس سلسلے میں حالات پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ہر علاقے کی شہری انتظامیہ کو اس سلسلہ میں الرٹ رہنے کو کہا گیا ہے ۔بارش اور برف باری کے دوران زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں اس سلسلے میں ہائی الرٹ ہے تا کہ کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔