کراچی : کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کی دو کارروائیوں میں گینگ وار کے 5 کارندے مارے گئے ۔ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے بھتہ خوروں سمیت آٹھ ملزم گرفتار کرلئے۔
ترجمان رینجرزکے مطابق لیاری چاکیواڑہ میں چھاپہ مارا گیا تو ملزموں نے رینجرز پر فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ سے تین گینگ وار ملزم ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ملزمان ماجد رکشہ والا ، عبدالصمد اور امام بخش کا تعلق لیاری گینگ وار عزیر جان گروپ سےتھا اور قتل کی چالیس وارداتوں میں ملوث تھے۔
بہار کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران رینجرز پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ، جوابی فائرنگ سے بابا لاڈلہ گروپ کے دو کارندے انیس اور جنید ہلاک ہوگئے ۔ ادھر حیدری میں عوام نے دو ڈاکوئوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
قائد آباد پولیس نے مسلم آباد سے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں چرس بر آمد کرلی ۔ کھارادر سے دو بھتہ خور گرفتار ہوئے ، ملزموں سے آوان بم اور اسلحہ برآمد ہوا۔
دوسری جانب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے معطل پولیس اہلکار طارق حسین کو فیروز آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔