counter easy hit

لیاری : پیپلز پارٹی کے ایم پی جاوید ناگوری کے بھائی بم حملے میں جاں بحق

Lyari

Lyari

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں صوبائی وزیر کچی آبادی کے ڈیرے پر نامعلوم افراد نے دستی بم سےحملہ کیا جس میں جاوید ناگوری کے بھائی جاں بحق ہو گئے اور تین پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔

لیاری کے علاقے نیا آباد شاہ ولی اللہ روڈ پر صوبائی وزیر کچی آبادی جاوید ناگوری کے ڈیرے پر نامعلوم ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کردی جس سے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری سمیت چھ افراد زخمی ہوئے۔

تمام زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر اکبر ناگوری جاں بحق ہوگئے۔ ان کی میت لیاری میں ان کے گھر منتقل کر دی گئی ۔ ڈاکٹرز کے مطابق مقتول کی موت پیٹ اورسینے پر گہرے زخم لگنے سے ہوئی ہے۔

لواحقین نے اکبر ناگوری کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کیا جس پر ضروری کارروائی کے بعد لاش ان کے حوالے کر دی گئی۔ دوسری جانب زخمی ہونے والے تین پولیس اہلکاروں اور کارکنوں کو نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر سب انسپکٹر سلیم اور سپاہی جہانزیب کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈی آئی جی سائوتھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جاوید ناگوری کے ڈیرے پر حملہ لیاری میں جاری آپریشن کا ردعمل ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ ، سید قائم علی شاہ ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور صوبائی وزیر شرجیل میمن نے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ وزیر اعلی سندھ نے پولیس حکام سے رپورٹ مانگ لی ہے۔