مچھ : ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس کے مجرم صولت مرزا کو مچھ جیل میں پھانسی دے دی گئی۔
صولت مرزا کو مچھ جیل میں 4 بج کر 30 منٹ پر پھانسی دی گئی، اس سے سے قبل گزشتہ شام صولت مرزا سے ان کے اہل خانہ کی ملاقات کرائی گئی جس کے بعد ان کی اہلیہ سمیت دیگر رشتے دار واپس کراچی روانہ ہوگئے جب کہ میت وصول کرنے کے لیے صولت مرزا کے 2 بھانجے اور ایک بھتیجا مچھ جیل میں موجود تھے۔
پھانسی سے قبل صولت مرزا کا ڈیتھ سیل میں طبی معائنہ کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا جس کے بعد صولت مرزا کو ڈیتھ سیل سے پھانسی گھاٹ منتقل کیا گیا۔
صولت مرزا کو جوڈیشل مجسٹریٹ ہدایت اللہ کی نگرانی میں پھانسی دی گئی جب کہ اس موقع پر جیل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے صولت مرزا کی پھانسی کے موقع پر مچھ جیل میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے جب کہ جیل کے ارد گرد بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
واضح رہے کہ صولت مرزا کا ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد مجرم کی پھانسی اس قبل 19 مارچ اور یکم اپریل کو ملتوی کی جاچکی تھی جب کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ ہفتے تیسری بار مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے۔