نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ اپنے سابق ساتھی کھلاڑی کرس کینز کے جھوٹی گواہی کیس کے سلسلے میں دیے گئے اپنے بیان پر اب بھی قائم ہیں ۔
ڈونیڈن (نیٹ نیوز) آسٹریلوی میڈیا کے مطابق میکلم نے کہا ہے کہ وہ آج بھی اپنے اس بیان پر قائم ہیں کہ نیوزی لینڈ کے سابق آل راونڈر کرس کینز نے 2008 میں انہیں بھارت میں ہونے والے آئی پی ایل کے دوران میچ فکسنگ کے لئے رابطہ کیا تھا ۔
یہ کیس برطانیہ کی عدالت میں چلا اور چند ہفتے قبل کینز کو بے گناہ کہہ کر بری قرار دے دیا گیا تھا ۔ کینز کی لیگل ٹیم نے جوابی الزام میں یہ دلیل پیش کی تھی کہ میکلم سے اگر کینز نے میچ فکسنگ کے لئے رابطہ کیا تھا تو پھر وہ اس بات کو منظر عام پر کیوں نہ لائے ، اور اس کے لئے تین برس انتظار کیوں کیا ؟ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے موقع پر میکلم ، کینز کی بریت کے بعد پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے ، جس نے اس فیصلے پر اپنا رد عمل پیش کرنے کو کہا تھا ، اس کے جواب میں انہوں نے پہلے تو جیوری کے فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کیا ، اور اس کے بعد اپنے موقف کو دہرایا کہ وہ اس پر اب بھی قائم ہیں، اور قائم رہیں گے ۔