مدینہ منورہ (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل نے اپنے پریس کے نام جاری بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے حالیہ واقعات قابل تشویش ہیں اور قابل مذمت بھی، ان انسان دشمن دہشتگردوں نے اب اپنے ناپاک عزائم کا رخ مدینہ منورہ کی طرف کیا۔
ایسے ہی حملے انہوں نے حالیہ دنوں میں ترکی، بغداد، قطیف میں انجام دئے جن میں معصوم انسانوں کو نشانہ بنایا گیا جو سراسر انسان دشمن درندگی ہے، آئی ایم یو سی کے ترجمان نے کہا کہ مدینہ منورہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی تعظیم گاہ ہے۔
دنیا بھر کے مسلمانوں کا اس مقدس مقام سے عقیدتی و دینی لگاؤ ہے، جہاں مکمل سیکورٹی بند و بست ہونے چاہیے تاکہ آئندہ خدا نہ خواستہ ایسے المناک سانحات پیش نہ آئیں، ساتھ ہی مسلم یونٹی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ تمام عالم اسلام کو ایسی خارجی دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔
ایسی عالمی دہشتگردی کا خاتمہ تنہا ایک ملک نہیں کرسکتا ہے۔انہوں نے مزید کیا کہ دہشتگردوں نے ابھی پورے عالم اسلام کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اسلام کی بقاء اور تقدس کی بحالی کے لئے اس دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے اور ملت اسلامیہ متحد ہوکر ہی ایسے عناصر کے خلاف صف آراء ہوسکتے ہیں۔