کراچی (یس ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بعض عناصر سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس کو بد نام کر رہے ہیں، مدارس میں پڑھنے والے ہمارے اپنے بچے ہیں، مدراس کو دہشت گردی سے جوڑنا مناسب نہیں،مسجد کو ڈھانے کی باتیں کرنے والوں کا انجام اچھا نہیں ہو گا۔کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں سرج الحق کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک اہم قومی مسئلہ ہے جو بھی دہشت گردی میں ملوث ہو اسے ضرور سزا دی جانی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے خود آئینی ترمیم کی تجویز دی تھی لیکن قومی ایکشن پلان میں مدراس اور مسلک کا ذکر نہیں ہونا چاہئے، وزیر اعظم نواز شریف کو تمام جماعتوں نے دہشت گردی کیخلاف حکمت عملی بنانے کا مینڈیٹ دیا ہے اب ان پہ منحصر ہے کہ وہ کس طرح اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ مدارس میں زیر تعلیم 30 لاکھ طلباء کے لئے خصوصی بجٹ مختص کیا جائے۔