انقرہ: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بین الاقوامی شہرت کی مالک ہیں اور بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رئیس نے ان کے کیریئر کوچار چاند لگا دیئے تاہم اس کے علاوہ وہ کئی قسم کے تنازعات میں بھی گھری رہیں جہاں انہیں سخت تنقیدکا بھی سامنا رہاہے جیسا کہ ان کی ایک تصویر بیرون ملک سے رنبیر کپور کے ساتھ وائرل ہوئی تھی تاہم اب ان کی اپنے مبینہ بوائے فرینڈ سلیم کریم کے ساتھ تصویر وائرل ہو گئی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ پنک ولا نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں موضوع بحث ماہرہ خان کی مبینہ بوائے فرینڈ سلیم کریم کے ساتھ بنائی گئی تصویر ہے اور ساتھ دعویٰ کیا گیاہے کہ پاکستانی اداکارہ کی اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ منگنی کی افواہیں گرم ہیں تاہم اداکارہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آسکی ہے ۔انٹرنیٹ پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ماہرہ خان نے دوسری مرتبہ اپنا گھر بسانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور انہوں نے اپنے بوائے فرینڈ سلیم کریم کو زندگی کا ساتھی چنا ہے جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا جارہاہے کہ انہوں نے ترکی میں ایک دوسرے کو انگوٹھیاں بھی پہنا دی ہیں۔ پنک ولا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاہے کہ اس تقریب میں فیملی اور قریبی لوگوں نے ہی شرکت کی ہے تاہم ماہرہ کی جانب سے ابھی تک اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان نے سفید رنگ کا انتہائی خوبصورت لباس زیب تن کیا ہواہے جبکہ سلیم کریم نے کالے رنگ کا سوٹ پہن رکھا ہے اور دونوں نہایت خوبصورت دکھائی دے رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کی نیوز سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تصویر ایک پارٹی کی ہے جس میں دونوں کو ایک ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے تاہم ماہرہ خان کی جانب سے اس حوالے سے بیان کا انتظار کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی اور ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کانام اذلان ہے تاہم آپسی اختلافات کے باعث جوڑے نے 2015 میں علیحدگی کا فیصلہ کر لیا تھا اور اس کے بعد سے ماہرہ خان نے شادی نہیں کی ۔