کھاریاں( نیئر صدیقی سے) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں کے حکم پر ٹی او آر کھاریاں تنویر عباس گجر اور ٹی ایم اے کے دیگر عملہ نے مین بازار کا دورہ کیا اور ریڑھی بانوں سمیت تمام دوکانداروں کو تجاوزات ہٹانے کی وارننگ دی۔ اور تجاوزات نہ ہٹانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں میاں اقبال مظہر کی خصوصی ہدایت پر ٹی او آر تنویر عباس گجر، سینٹری انسپکٹر لیاقت بٹ نے ٹی ایم اے کے دیگر عملہ کے ہمراہ میں بازار میں ناجائز تجاوزات کے سلسلے میں وزٹ کیا۔ تمام ریڑھی بانوں کو ہدایت کی کہ وہ بازار میں آنے والے خریداروں کے لئے رستہ چھوڑ کر کھڑے ہوں۔ اس کے علاوہ رکشہ ڈرائیوروں کو بھی سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ کا سبب نہ بنیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے قائم کی گئی ٹیموں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ بہت جلد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی مین بازار میں ڈیوٹی دیں گے اوربالخصوص تعلیمی اداروں میں چھٹی کے وقت بڑھنے والے رش کو کنٹرول کرنا ہمارا ٹارگٹ ہے۔ٹی ایم اے کے عملہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کے وقت آتے ہوئے اپنی گاڑیاں دوکانوں کے سامنے نہیں بلکہ بازار سے باہر پارک کریں تاکہ رش اور ٹریفک بلاک سے بچا جا سکے۔