پھل اللہ کی ایک اُنمول نعمت ہیں جو کہ غذائیت کے خزانے سے بھرپور ہوتے ہیں اور آپ کو صحت مند غذائیت فراہم کرکے آپ کے جسم کو موذی امراض اور بیماریوں سے تحفظ دیتے ہیں۔ مختلف پھل میں موجود مختلف غذائیتوں کی وجہ سے ہر پھل کا استعمال اچھی صحت کے لیے ناگزیر ہے اور اچھی صحت آپ کے حسن وخوبصورتی اور آپ کی زندگی کی کامیابیوں سے مشروط ہے۔ یہ اچھی صحت ہی ہوتی ہے کہ جو فرد میں آگے بڑھنے کی طاقت ‘ اعتماد اور حوصلہ فراہم کرتی ہے ۔
اورجب بات ہوحسن وخوبصورتی کی تویہ پھل بہترین قدرتی کاسمیٹک کی جگہ باخوبی لے لیتے ہیں۔ آپ کے حسن کی ضامن صحت مند جلد ہوتی ہے اور صحت مند جلد کا حصول غذائیت سے جڑ ہے ‘ جو کہ تمام ہی پھلوں میں پنہاں ہیں۔ پھل تمام ہی قسم کی جلدوں کے لیے مفید ہوتے ہیں۔ جیسے پپیتا جو کہ ایسے انزائم سے بھرپور ہوتا ہے کہ جو جلد کے مردہ خلیات کی صفائی میں مدد دیتے ہیں۔ جبکہ کیلا جلد کو ڈھیلا ہونے سے بچاتا ہے اور تادیرجوان رکھتا ہے ‘ جبکہ سیب میں موجود پیکٹین اور کینو میں موجود وٹامن سی جلد کی تروتازگی شادابی کے لیے اہم ترین جز ہیں۔
آپ چاہیں تو پھلوں کو اپنی غذا میں شامل کریں یا ان سے گھریلو کاسمیٹک تیار کرکے براہ راست جلد پر استعمال کریں۔ ایک جیسے ہی فوائد حاصل ہوں گے ۔ بہترین نتائج کے لیے ذیل میں چند نسخے بیان کیے جارہے ہیں۔ ان پر عمل کرکے اپنی خوبصورتی کو ایک نئی تازگی ودلکشی فراہم کریں۔
پپیتا اورکیلا میش کرکے ایک ساتھ مکس کرلیں۔ چہرے اور گردن پرلگائیں۔ آدھے گھنٹے کے بعد دھولیں خشک جلد پر یہ فیس پیک بہت کرشماتی اثرات مرتب کرنا ہے۔
اس کے علاوہ آلواورکھیرا آنکھوں کے سیاہ حلقوں کے لیے ہمیشہ سے ایک آزمودہ نسخہ رہا ہے ۔
سیب اور کینو کو ایک ساتھ میش کریں اور چہرے اور گردن پر آدھے گھنٹے کے لیے لگارہنے دیں۔ اس کے بعد دھولیں اس میں موجود پیکٹین اور وٹامن مل کرآپ کے چہرے کو ایک نئی دمک عطا کرتے ہیں ۔
اس طرح آپ اپنی پسند کے پھل کا انتخاب کرکے انہیں چہرے پر لگاکر حیرت انگیز نتائج حاصل کرسکتی ہیں۔ جیسے اووکاڈو ‘ بادام ‘ امرود‘ خوبانی ‘ ٹماٹر ‘ آڑو ‘ لیموں ‘ اسٹرابیری ‘ آملہ یہ سب بہت کارآمد پھل ہیں۔ ان سے گھر میں تیار کیے گئے فیس پیک استعمال کریں۔ یہ آپ کے حسن کو دوام بخشیں گے۔ اگرچہ کہ بازار میں تمام ہی طرح کے فیس پیک ‘ کلینزر‘ اسکرب ‘ سن بلاک وغیرہ موجود ہیں لیکن قدرتی اور گھریلو کاسمیٹکس کے استعمال کا اثر زیادہ متاثر کن اور مضر اثرات سے محفوظ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ کم خرچ بھی ہوتے ہیں۔