کینیڈا،لاہور (اقبال کھوکھر) پاکستان پیپلزپارٹی کے 2008 میں اقلیتی نشست کے لئے ٹکٹ ہولڈر برائے قومی وصوبائی اسمبلی اور کرسچن لبریشن فرنٹ کے چیئرمین خالدگل نے پیپلزپارٹی کے صدر سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کینیڈا سے بذریعہ ٹیلی فونک میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خالد گل نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور مخدوم امین فہیم کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم امین فہیم کی وفات سے نہ صرف پی پی پی بلکہ ملک ایک منجھے ہوئے محب وطن سیاست دان اور اچھے انسان سے محروم ہوگیا ہے۔
مخدوم امین فہیم نے زندگی بھراصولی اور نظریاتی سیاست کی ۔انہیں متعدد بار وزارت عظمیٰ کی بھی پیش کش ہوئی مگر انہوں نے لالچ اور صلے کی سیاست سے ہمیشہ کنارہ کیا۔
خالد گل نے کہا کہ مخدوم امین فہیم نے کئی بارپارٹی پالیسیوں سے اختلاف بھی کیا مگر کبھی بھی الگ دھڑا بندی کی بجائے پارٹی کے اندر رہ کر وفاداری سے پارٹی کی مضبوطی کے لئے کام کیا۔انہوں نے مرحوم کے لواحقین کے لئے صبرایوب وتسلی کی دعا کی۔