مالاکنڈ کے علاقے درگئی میں مشتعل مظاہرین نے واپڈا آفس میں جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی، مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 4زخمی ہوئے ہیں۔
فائرنگ کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی،مظاہرین نے تھانے کو آگ لگادی، پشاور اور چارسدہ کے علاقے تنگی میں بھی مظاہرے کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملاکنڈ کے علاقے درگئی کے سیکڑوں رہائشی لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔
ڈی سی ظفر علی شاہ کے مطابق مظاہرے میں 8ہزار سے زیادہ افراد شریک تھے، مشتعل مظاہرین نے ای ڈی او کے دفتر کو آگ لگا دی۔
ڈی سی کے مطابق مظاہرے کے دوران فائرنگ سے پی ٹی آئی کا کارکن جاوید خان جاں بحق ہوگیا،مظاہرین نے مقتول کی لاش درگئی چوک میں رکھ کر احتجاج کیا۔
پر تشدد مظاہرے میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی بہادر خان سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ میاں خان اولڈ پلئی فیڈر اوور لوڈ ہے اس لیے فیڈرز کو 2 فیڈروں میں تقسیم کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
ترجمان نے آج کے مظاہرے کو توڑ پھوڑ اور احتجاج کرکے حالات خراب کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔