ملائیشیا کی کمپنی ایڈوٹکو نے پاکستانی کمپنی داؤد ہرکولیس کے اشتراک سے موبائل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جاز کے 13 ہزار ٹاورز کا انتظام سنبھالنے کا اعلان کیا ہے جب کہ یہ سودا 94 ارب روپے میں طے پایا ہے۔
جیز کے پاکستان بھر میں 13 ہزار ٹاورز کا انتظام اس کے ذیلی ادارہ دیودار کے پاس تھا۔ معاہدے کے مطابق داؤد ہرکیولیز 45 فی صد جبکہ ایڈوٹکو 55 فی صد سرمایہ کاری کرے گا۔ ایڈوٹکو شراکت کی بنیاد پر دوسری ٹیلی کام کمپنیوں کو بھی سہولت فراہم کر سکے گی۔ جیز کو 94 ارب روپے ادا کیے جائیں گے جن میں کچھ قرضہ بھی شامل ہوگا۔ داؤد ہرکیولیز اور ایڈوٹکو کے سربراہان نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ جیز کے سی ای او عامر ابراہیم کا کہنا ہے کہ معاہدے کے نتیجے میں صارفین کو مزید بہتر خدمات مل سکیں گی۔