سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی اور ایم ڈبلیوایم کے رہنماوں سمیت دیگر افراد کی گرفتاری کےخلاف کراچی کے علاقے ملیر 15 پر صبح سے جاری احتجاجی مظاہرے نے دھرنے کی شکل اختیار کرلی ہے ۔
شہر میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا سوئچ آن ہوا تو قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی حرکت میں آگئے،مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے رہنماں کی گرفتاریاں ہوئیں تو عوام سراپا احتجاج بن گئے۔
ملیر 15پر دھرنا صبح ساڑھے 7بجے سے جاری ہے ، ایک موقع پر مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ بھی کی ،پولیس نے 4افراد کو گرفتار کرلیا،جس کے بعد پولیس اور مظاہرین میں آنکھ مچولی شروع ہوگئی ۔
احتجاج کے باعث ماڈل کالونی ، کالا بورڈ اور ملیر 15 کے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند کردیے گئے اور بچوں کو واپس گھر بھیج دیا گیا ہے ۔
احتجاج سے نیشنل ہائے وے پر دھرنے کے نتیجے میں کئی گھنٹوں سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے ،مظاہرین نے ایک موقع پر ٹریک پر بیٹھ کر ٹرین بھی روک دی تھی ۔
مظاہرین نے گزشتہ 48گھنٹوں کے دروان گرفتار کئے گئے افراد کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کااعلان کیا ہے۔