نیویارک میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی سے امریکی وار کالج کے طلبا کی ملاقات ، افغانستان میں امن کے لیے مفاہمتی عمل کی حمایت
نیویارک (یس اُردو) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے مودی حکومت کے مثبت آغاز کے باوجود بھارت نے پاکستان سے مذاکرات معطل کر دئیے ، افغانستان میں امن کے لیے مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں ۔ نیویارک میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی سے امریکی وار کالج کے طلبا نے ملاقات کی ، اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان بھارت سے وسیع بنیادوں پر جامع مذاکرات چاہتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے مثبت آغاز کے باوجود بھارت نے مذاکرات معطل کر دئیے ۔ دہشت گردی کا خاتمہ معیشت کی بحالی اور ہمسایہ ممالک میں امن پاکستان کی ترجیحات ہیں ۔ ملیحہ لودھی نے کہا پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، افغانستان میں مفاہمت کے لیے سیاسی حل تلاش کرنے پر عالمی رائے عامہ ہموار ہو چکی ہے، پاکستان ، چین ، افغانستان اور امریکا افغانستان میں امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا اقتصادی راہداری وسطی ایشیائی ملکوں سے روابط کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گی، پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف دنیا کا سب سے بڑا آپریشن جاری ہے، دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے اور جامع حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 3 سال میں سیاسی ، سلامتی اور معاشی محاذوں پر مثبت پیش رفت کی ہے۔