سال 2020 وعدوں کی تکمیل کا سال ہے، ملک عابد
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے صدر ملک عابد نے کہا ہے کہ سال 2020 عوام سے تحریک انصاف کے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ کرپٹ ٹولے کے ایف بی آر، سٹاک ایکسچینج، اوردوسرے مالیاتی اداروں میں بچھائے جال بے نقاب ہوچکے اور اب انشاللہ معاشی بہتری کا سال شروع ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے شدید سردیوں کے موسم میں بے گھر افراد اور مزدوروں کا احساس کرتے ہوئے پناہ گاہوں کی ہنگامی تعمیر کے جو احکامات دیے ہیں وہ ان کے انسان دوست اور تمام طبقات کیلئے سنجیدہ قائد ہونے کا مظہر ہیں ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار صحت انصاف کارڈز جیسی سہولیات خواجہ سرائوں کو بھی برابری کی بنیاد پر مل رہی ہیں جو کہ موجودہ حکومت اور وزیراعظم پاکستان کا طرہ امتیاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل سرکاری ملازمین اورتاجروں کی حکومتیں آتی رہیں اور تارکین وطن سمیت ایسے تمام طبقات اپنے مسائل کا حل ڈھونڈنے میں ناکام رہے جن کی رسائی کرپٹ سیاستدانوں تک نہیں تھی اگر کسی کی رسائی ممکن بھی ہوئی تو بھی وہ لوگ مسائل کے حل کے بجائے لٹے رہے۔ ملک میں پہلی دفعہ ایک سنجیدہ وزیراعظم نے کمانڈ سنبھالی ہے جنہوں نے مشکل فیصلے لیے اور ملکی اداروں میں بیٹھے ہوئے کرپٹ سیاستدانوں کے اہلکاروں کو بے نقاب کیا اور معاشی چکر سے نکال کر ملکی معیشت کو درست سمت میں ڈال دیا ہے انشاللہ 2020 وعدوں کی تکمیل کا سال ہے اور عوام کو اب تبدیلی ان کی دہلیز پرمحسوس ہوگی ۔