اسلام آباد؍پریس(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے صدر ملک عابد نے شب برات کے پرمسرت موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شب برات بخشش اور قبولیت توبہ کی رات ہوتی ہے، ان بابرکت ساعتوں میں کثرت سے توبہ و استغفار کر کے ہمیں رب کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے، موجودہ حالات میں مسلم ممالک سمیت پوری دنیا کو کورونا جیسے خطرناک وبائی مرض نے اپنے شکنجے میں جھکڑا ہوا ہے وہاں ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم الله تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں کہ الله تعالیٰ ہمیں اس آزمائش سے بخیر و خوبی نکالے، ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اسلامی اخوت کے مثالی جذبہ کے تحت اپنے ان بھائیوں کو بے یارو مددگار نہ چھوڑا جائے جو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ الله تعالیٰ اس بابرکت رات کے توسط اور نبی کریم ؐکے وسیلہ سے امت مسلمہ اور عالم انسانیت کو اس وباء سے نجات دلائے اوروطن عزیز کے حکمرانوں کو مشکل گھڑی میں ثابت قدمی عطا فرمائیں اور ہمیں من حیث القوم اس امتحان میں سرخرو فرمائیں۔ آمین