وزیراعظم پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ اورعظیم خدمت روائتی کرپٹ سیاسی نظام کا شکار عوام کو اپنےحق کیلئے لڑنے کا شعور دےدینا ہے، ملک عابد
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے نامزد صدر ملک عابد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اوروزیراعظم عمران خان کا سب سے بڑا منصوبہ اورسب سے عظیم خدمت جو پاکستانیوں کی نسلوں کو بھی سرخرو کردے گی وہ روائتی دوپارٹی سسٹم سے عوام کی جان چھڑانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوپارٹی سسٹم پہلے ایک دوسرے کی کرپشن سامنے لاتے اورعوام کی سادگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باریاں لیتے رہے اور پھر مفاہمت کے نام پر ایک دوسرے کی باریاں اورکرپشن کوتحفظ دینا شروع کردیا جس بھونڈی سیاست نے عوام کے قیمتی 30 سال برباد کیے ۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے پی ٹی آئی اورعمران خان جو کہ عوام کیلئے گھراندھریے میں امید کا روشن چراغ بن کر عوام کیلئے حکومت میں آئے ہیں انشااللہ اپنے مقصد میں سرخرو ہونگے اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح صرف اور صرف تعلیم ہے اور فروغ تعلیم ہی کو اولین ترجیح دے رہی ہے تا کہ تعلیم سے محروم بچوں کو علم کی روشنی سے منور کیا جاسکے اور اس کے لیے موجودہ حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ کرپٹ نظام کیخلاف یہ عوامی شعور اپنے نقطہ اوج تک پہنچے۔