پیرس (نمائندہ خصوصی) پیرس کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت ملک انصر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسلسل کوشاں ہے اور 100روزہ پلان کا مقصد بھی یہی ہے کہ آئندہ 5 سال کا روڈ میپ متعین کر کے انتہائی منظم اور فعال انداز میں عوامی فلاح کیلئے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی5 سالہ ایجنڈے کو طے کرنے کے بعد تمام محکمانہ اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ وہ ملک کو تعلیم کے اعتبار سے براعظم ایشیاء کا ایک روشن اور بے مثال ملک بنادے اس کیلئے یکساں نظام تعلین کیلئے کوششیں بے مثال ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت مذہبی اقلیتوں اور پسماندہ و دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو تعلیم کی مفت اور معیاری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 21ویں صدی کے ثمرات سے فیضیاب ہونے کیلئے شرح خواندگی کو سو فیصد تک لے جانا ہو گا، طالبعلم حصول تعلیم کو نوکری کی تلاش تک محدود نہ رکھیں بلکہ تعلیمی تصورات اور علمی ذہانت کو معیار زندگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے بھی استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سماجی بھلائی اور انصاف پر مکمل یقین رکھتی ہے، وزیر اعظم عمران خان کا عزم ہے کہ پاکستان کے بے وسیلہ طبقات تک ترقی کے ثمرات پہنچائے جائیں اوراس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔