پیرس (یس اردو نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن فرانس یوتھ ونگ کے جنرل سیکرٹری ملک انعام نے کہا ہے کہ اپنی پارٹیوں کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں بھاگنے والے لوٹے آج ٹکٹیں نہ ملنے کی وجہ سے پی ٹی آئی کے خلاف ہی باتیں کرتے ہوئے دکھائی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو پارٹی قائد خود پانچ حلقوں اور اس سے زائد سے الیکشن لڑنے کا سوچ رہا ہے وہ اپنے پارٹی ورکروں کو کیا چانس دے گا۔ جن لوگوں کو ہمارے قائدین نے عزت دی تھی وہ چند مفاد ات کی خاطر لوٹے ہو گئے لیکن آج پی ٹی آئی بھی ان لوگوں کو مسترد کردے گی اور ایسے لوگ نہ گھر کے رہیں گے نہ باہر کے رہیں گے وہ لوگ جو خود ٹکٹیں بانٹتے تھے وہ آج بنی گالہ کے باہر لائنوں میں لگے ہوئے ہیں ایسے لوگوں کو تو شرم کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو عوام مسترد کردیں گے کیونکہ جو لوگ اپنی اپنی جماعتوں میں رہ کر تبدیلی نہیں لا سکے وہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر خاک تبدیلی لائیں گے ایسے لوگ اسی طرح سے روتے ہوئے دکھائی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پانی کا بلبلہ ہے اور چوں چوں کا مربہ ہے یہ لوگ لالچ میں جلد ہی ایک دوسرے کے گریبان پکڑتے ہوئے نظر آئیں گے اور مسلم لیگ نعوامی ووٹوں سے حکومت میں آجائے گی ۔