پاناما پیپرز میں مالٹا کے حکمرانوں کی آف شور کمپنیوں کا راز بے نقاب کرنے والی صحافی کار بم دھماکے میں ہلاک کر دی گئی، ورلڈ ایڈیٹرز فورم اور نیوز پیپرز اینڈ پبلشرز کی عالمی ایسوسی ایشن نے واقعے کی شدید مذمت ہے۔
پولیس کے مطابق مالٹا کی مقبول انویسٹی گیٹوو جرنلسٹ 53 سال کی ڈیفنی کیرووانا گیلی زیا اپنی کار میں سوار ہوکر گھر سے کچھ دور ہی پہنچیں تھیں کہ ان کی کار زور دار دھماکے سے اڑ کر دور جاگری۔ ڈیفنی 2016 سے مسلسل مالٹا کے وزیراعظم اور ان کے ساتھیوں کی کرپشن سے متعلق رپورٹنگ کر رہی تھیں۔
ڈیفنی پاناما پیپرز میں معاونت کرنے والے تحقیقاتی صحافیوں میں شامل تھیں اور پاناما لیکس کے بعد انہوں نے مالٹا کے وزیر اعظم کی اہلیہ کے آف شور اکاؤنٹ میں ایک ملین ڈالر منتقل ہونے کی خبر شائع کی تھی، ڈیفنی نے دو ہفتے پہلے پولیس کو دھمکیاں موصول ہونے کی شکایت کی تھی۔ مالٹا کے وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیفنی ان کی شدید ناقد تھیں لیکن ان کے قتل کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ دوسری جانب ورلڈ ایڈیٹرز فورم اور نیوز پیپرز اینڈ پبلشرز کی عالمی ایسوسی ایشن نے ڈیفنی کے قتل کی مذمت کی ہے۔ صدر ورلڈ ایڈیٹرز فورم ڈیوڈ کال آوے نے کہا کہ ایک بہادر صحافی کے ساتھ ساتھ سچ کی تلاش کے مشن کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔