اسلام آباد: قبائلی علاقوں میں ٹکٹس کی تقسیم کے معاملے پر حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف بھی تقسیم ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹکٹس کی تقسیم کے معاملے پر حکومتی جماعت کے کئی رہنما ناراض ہو گئے ہیں اور انہوں نے ٹکٹس کی تقسیم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹکٹس کی تقسیم میں میرٹ کو مد نظر نہیں رکھا گیا جبکہ پارٹی کے ساتھ وفادار رہنے اور پارٹی کو ہر معاملے اور ہر سطح پر سپورٹ کرنے والے رہنماؤں کے ناموں پر غور تک نہیں کیا گیا جس سے پارٹی کے دیرینہ ساتھیوں کی دل آزاری ہوئی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نےاپنے اُمیدواروں کے انتخاب مرحلہ مکمل کرلیا تھا، ٹکٹ کے حصول میں کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔ پارٹی ٹکٹ کے حقدار امیدواروں کا فیصلہ سیکرٹری جنرل ارشد داد، وفاقی وزیر نور الحق قادری اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان پر مشتمل 3 رکنی پارلیمانی بورڈ نے کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق پی کے 100 باجوڑ ون سے انور زیب خان پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔ پی کے 101 باجوڑ ٹو سے اجمل خان اور پی کے 102 باجوڑ تھری سے حامدالرحمٰن، پی کے 103 مہمند ون سے رحیم شاہ، پی کے 104 مہمند ٹو سے محمد اسرار، پی کے 105 خیبر ون اور پی کے 106 خیبر ٹو سے بالترتیب شاہد حسین اور امیر محمد خان آفریدی، پی کے 107 خیبر تھری سے محمد زبیر ، پی کے 108 کرم ون سے شاہد خان ،پی کے 109 کرم ٹو سے سید اقبال میاں، پی کے 110 اورکزئی سے شعیب حسن، محمد اقبال خان پی کے 111 شمالی وزیرستان ون، اورنگزیب خان پی کے 112 شمالی وزیرستان ٹو،پی کے 113 جنوبی وزیرستان ون سے افسر خان، پی کے 114 جنوبی وزیرستان ٹو سے نصیراللہ خان اور پی کے 115 سابق سرحدی علاقہ جات سے عابدالرحمان کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں پھوٹ پڑنے اور اختلافات میں شدت آنے کی خبریں اکثر و بیشتر سامنے آتی رہتی ہیں۔