ایتھنز (سکندر ریاض چوہان) یونان مین تعینات رہنے والے سابق سیکریٹری ڈاکٹر منظور چوہدری نے یونان میں بسنے والی پاکستانی برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے مکمل اظہار یک جہتی کی ہے۔
ڈاکٹر منظور چوہدری جو کہ ایتھنز سفارت خانہ میں تعینات رہے ان کی تعیناتی کے دوران اس وقت کے وزیر اعظم شوکت عزیز نے یونان کاسرکاری دورہ کیا جبکہ یونان پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی، ثقافتی تعلقات کے علاوہ مسئلہ کشمیر کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔
یونان سے ان کو نیروبی اور وہاں سے بطور سفیر نائیجر فرائض سونپے گئے اب وہ پاکستان میں سنئیر مینجمنٹ کورس کے لیے طلب کیے گے ہیں۔
ڈاکٹر منظور چوہدری نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو یقین ہے کہ یونان اپنی مشکلات پر قابو پا لے گا اور یونانی عوام دوبارہ خوشحال ہونگے انھوں نے یونان میں بسنے والی پاکستانی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم وطنوں کو اس مشکل گھڑی میں باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور یونان کو اپنا دوسرا وطن جان کر اس کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار اجاگر کریں کیونکہ یونان کی ترقی پاکستانی برادری کے لیے بھی ضروری ہے۔