پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ ، 11 افراد زخمی ، ہسپتال منتقل کر دیا گیا , سکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا
مردان (یس اُردو) مردان میں ایکسائز دفتر کے قریب خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں11 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی جائے حادثہ پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ اپنی جان بچانے کیلئے دیوانہ وار بھاگ کھڑے ہوئے ،دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ دھماکے کے بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جن کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے ایکسائز دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی ، اسے روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ،جائے حادثہ کینٹ کے علاقے میں واقع ہے اور اس کے اطراف میں چند حساس عمارتیں بھی واقع ہیں ۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے جن کی جان بچانے کی کوشش جاری ہے ۔ دھماکے کی شدت کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کے حوالے سے تحقیق کی جا رہی ہے کہ اس کی مقدار کتنی تھی ۔ زخمی ہونے والوں میں ایکسائز کے اہلکار بھی شامل ہیں ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے دہشتگردوں نے فائرنگ کی اور اس کے بعد جب لوگ گھبرا کر بھاگے تو اس کے بعد دھماکہ ہوگیا ۔ ڈائریکٹر ریسکیو 1122 حارث حبیب نے بتایا کہ دھماکے کے بعد دفتر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکہ کمپیوٹر سیکشن کے قریب ہوا جہاں سائلین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والوں میں کوئی خاتون شامل نہیں ہے ۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جن کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ڈی پی او مردان فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ ایکسائز دفتر پر حملے کی پیشگی اطلاع نہیں تھی ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور نے دھماکے میں 8 سے 10 کلوگرام وزنی بارودی مواد کی جیکٹ پہن رکھی تھی ۔ شک پڑنے پر اسے دفتر کے مرکزی دروازے پر روکا گیا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ، اس دھماکے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے وقت دفتر میں 30 سے 35 افراد موجود تھے ۔ فیصل شہزاد نے کہا کہ دھماکے کے بعد سکیورٹی اداروں نے جائے حادثہ پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جس کے دوران خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا بھی مل گئے ہیں جن کو لیبارٹری معائنے کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے ۔