کراچی(نیوز ڈیسک )اے آر وائی نیوز کی سینئر اینکرپرسن ماریہ میمن کی والدہ انتقال کرگئیں۔ وہ کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھیں اور آج اپنے خالق حقیقی سے جاملیں۔ماریہ میمن کی والدہ کے انتقال کی خبر سینئر صحافی منیب فاروق نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر شیئر کی، ان کا کہنا تھا کہ ” ہماری دوست ماریہ میمن کی والدہ کاانتقال ہوگیا ہے، اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے اور ماریہ اور دیگر گھر والوں کو صبر عطا فرمائے، برائے کرم مرحومہ کیلئے فاتحہ پڑھیے”
ماریہ میمن کی والدہ کے انتقال پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی گہرے دکھ کا اظہارکیا، اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا “ماریہ میمن آپ کی والدہ کی وفات پر بے حد افسوس ہوا ہے، اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے”۔
خیال رہے ماریہ میمن ان دنوں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے قرنطینہ میں ہیں۔ انہوں نے تیس جون کو ٹویٹر پر بتایا تھا کہ اٹھائیس جون کو ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور اس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں۔ انہوں نے سماجی دوری کی حکومتی ہدایات پر عملدرآمد اور اس حوالے سے سنجیدہ طرز عمل اختیار کرنے پر زور دیا۔