نوجوت سدھو کی بیٹنگ اوسط شادی سے پہلے 13 بعد میں 43 ، وارنر کی 48 سے بڑھ کر 54 ، دھونی کی اوسط 42 سے کم ہوکر 34 ، ڈوپلیسی 58 سے 35 پر آگئے
نئی دہلی(یس اُردو) شادی کرکٹرز کے لیے خوش قسمتی لاتی ہے یا بدقسمتی ، اس حوالے سے انتہائی دلچسپ حقائق سامنے آ رہے ہیں ۔ بھارتی سٹار بلے باز ویرات کوہلی کی اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ دوستی کے بعد ان کی پرفارمنس میں بہتری کے بعد لوگوں کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کی بیگمات اور گرل فرینڈز ان کی پرفارمنس پر مثبت یا منفی اثر ڈالتی ہیں ۔ایک بھارتی براڈ کاسٹر نے ٹی وی شور میں اس پر ایک تقابلی جائزہ پیش کیا ہے جس میں کئی موجودہ اور سابق کرکٹرز کی شادی سے پہلے اور بعد میں ٹیسٹ اوسط کا موازنہ کیا گیا ، پرفارمنس جائزے کے مطابق ڈیوڈ وارنر اور نوجوت سنگھ سدھو کی پرفارمنس کو شادی کے لڈو کھا کر چار چاند لگ گئے تاہم سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ کو کچھ خاص فرق نہیں پڑا ۔سدھو شادی سے پہلے محض 13 کی اوسط سے رنز بنا رہے تھے تاہم شادی ہوتے ہی یہ اوسط 43.32 ہوگئی ۔ وارنر بھی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوتے ہی ان کی فی ٹیسٹ رنز بنانے کی اوسط 48.20 سے بڑھ کر 54.92 ہوگئی ۔ بھارتی کپتان ایم ایس دھونی شادی سے قبل 42.59 کی اوسط رکھتے تھے تاہم ساکشی کے ساتھ شادی کے بعد یہ اوسط 34.47 ہوگئی،رمیز راجہ 32.28سے 31.62پر چلے گئے، شین واٹسن بھی 39.43 سے 33.52 پر گئے ۔ اے بی ڈی ویلیئرز 50.50 سے 50.29 پر پہنچے ، فاف ڈوپلیسی شادی کے بعد 58.50 سے 35.38 تک پہنچ گئے ۔