کراچی : قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وہ وقت چلاگیا جب مارشل لا لگتا تھا ، ڈکٹیٹر آتے تھے ، تمام اداروں کو اپنی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے ۔ نظام تسلسل کے ساتھ چلے گا تو گورننس میں بہتری آجائے گی۔
کراچی میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ بہتر ہوتا کہ آرمی چیف وزیراعظم سے ملاقات میں بات کرتے ، پریس ریلیز جاری ہونے سے بھارت کو بھی یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں سویلین اور عسکری قیادت ایک پیج پر نہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ جمہوریت کا راستہ روکنے سے ہی ملک پیچھے رہ گیا۔ تمام ادارے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں ، نظام میں تسلسل ہوگا تو بہتری آئے گی۔
خورشید شاہ نے عمران خان کو سیاست میں نابالغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کےمقابلے میں اسپیکر کا امیدوار اتار کر پی ٹی آئی نے ان کا انتخاب درست مان لیا۔