کراچی (ویب ڈیسک) اداکارہ ماورا حسین نے بے شمار کامیاب ڈرامے اور فلمیں کرنے کے باوجود اب تک ایک بھی ایوارڈ نہ ملنے کی وجہ بتادی۔ اداکارہ ماورا حسین کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کی مشہور اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو لالی ووڈ کے ساتھ بالی ووڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
وہ ’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘، ’’سمی‘‘اور’’آنگن‘‘سمیت متعدد کامیاب فلموں و ڈراموں میں کام کرچکی ہیں تاہم اب تک انہیں ایک بھی ایوارڈ نہیں ملا۔ حال ہی میں انڈیپنڈنٹ اردو کو دئیے گئے انٹرویو میں ماورا حسین نے بتایا کہ متعدد بار نامزد ہونے کے باوجود آج تک انہیں ایک بھی ایوارڈ نہیں ملا اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ شاید خدا چاہتا ہے کہ میں ابھی اور محنت کروں۔ ماورا حسین نے 2016 میں بالی ووڈ فلم’’صنم تیری قسم‘‘میں مرکزی کردار اداکیا تھا جس میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا۔ ماورا نے بالی ووڈ میں کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ اور لالی ووڈ میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے کہ باہر سے دیکھنے پر لوگوں کو لگتا ہےکہ بالی ووڈ بہت بڑی صنعت ہے لیکن کام تو کام ہوتا ہے۔ پاکستان بھارت کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ماورا حسین نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی عالمی امن کی خواہاں رہی ہیں یہ زندگی بہت چھوٹی ہے اور اسے ہنسی خوشی غیر سیاسی انداز میں گزارنا چاہیئے۔