باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ملکی سیاست میں سرگرم حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ’’چپ کا روزہ‘‘ توڑ دیا ہے۔ وہ ضمانت پر رہائی کے بعد پچھلے 9 ماہ سے ’’گوشہ نشیں‘‘ تھیں اور اپنے آپ کو عملی سیاست سے الگ کر رکھا تھا۔ میاں نواز شریف کے دوبارہ جیل جانے کے بعد انہوں نے محدود پیمانے پر سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ پچھلے 9 ماہ سے رضاکارانہ طور پارٹی کی سیاست سے الگ تھلگ تھیں۔ تاہم اس دوران وہ سوشل میڈیا پر میاں نواز شریف کی’’ امیج بلڈنگ‘‘ کی نگرانی کر رہی تھیں ان کا سوشل میڈیا پر بڑا ’’نیٹ ورک‘‘ قائم ہے اور سیاسی مخالفین کو سوشل میڈیا پر جواب دیتی رہتی ہیں لیکن اب انہوں نے سیاسی مخالفین کو اپنا ہدف بنانا شروع کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نو میں انہیں پارٹی کا نائب صدر بنایا گیا ہے جس کے بعد انہوں نے ملکی سیاست میں سرگرم حصہ لینا شروع کر دیا ہے۔ فی الحال وہ اپنی سرگرمیاں انتہائی محدود رکھیں گی اسلام ہائی کورٹ نے مریم نواز کی سزا معطل کر دی ہے جس کے بعد انہیں پارٹی میں نائب صدر کا عہدہ دیا گیا ہے جب کہ پی ٹی آئی نے ان کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر بنانے کے فیصلے کو چیلنج کر دیا ہے۔