لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے کہا ہے کہ امریکا میں اس لیے جلسہ کیا کہ یہاں عوام میں نہیں نکل سکتا، پاکستانیو! سلیکٹڈ سے پوچھو، امریکا جانے سے پہلے ان سے کونسی شرائط طے کیں؟ ووٹ کو عزت دینی پڑے گی، راج خلق خداکو کرنا ہے، دھونس دھاندلی اور طاقت نے راج نہیں کرنا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا میں اس لیے جلسہ کیا کیونکہ اب پاکستان میں نا وہ عوام میں نکل سکتا ہے نا شکل دکھا سکتا ہے۔وہ جانتا ہے کہ اس کیلئے پاکستان میں عوام کا سامنا کرنا ممکن نہیں ہے۔ پاکستانیو ! سیلیکٹڈ سے پوچھو کہ یہ امریکہ جانے سے پہلے انکے ساتھ کیا شرائط طے کر کہ گیا ہے؟ مریم نواز نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ ووٹ کو عزت تو دینی پڑے گی! آگے بڑھو پنجاب اپنے اور باقی صوبوں (بھائیوں) کے ووٹ کی عزت کے لیے ! راج خلق خدا کو کرنا ہے، زور، طاقت، دھونس اور دھاندلی کو نہیں!دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے مریم اورنگزیب اورمصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب تو پہلے سے ہی ایک خاص شہرت رکھتا ہے۔تب ق لیگ کو بچانے کیلئے نیب کو استعمال کیا گیا، آج اسی طرح دوسری ق لیگ پی ٹی آئی کیلئے نیب استعمال کی جارہی ہے۔مریم نوازکی ریلی نے ثبوت دیا ہے۔ حکومت نے بدترین ریاستی سنسرشپ استعمال کی اور اپوزیشن کی ریلی کا بلیک آؤٹ کیا۔ جمہوریت کے لبادے میں بدترین آمریت قائم کردی گئی، پاکستانیوں نے کبھی آمریت کو قبول نہیں کیا۔ہم بنیادی حقوق کو سلب نہیں کرنے دیں گے ،اظہار رائے کی آزادی پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ آئین کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، چاہے ہمیں اس کیلئے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔ کیونکہ یہ جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت فیصلہ کن جدوجہد کا آگیا ہے۔ خطے میں جس طرح عوام کے حقوق کو تسلیم کیا گیا اسی طرح یہاں بھی تسلیم کیا جانا چاہیے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کی واشنگٹن ڈی سی میں بھی وہی تقریر جو کنٹینرپر کی تھی، 2016ء اور 2019ء میں بھی وہی تقریر ہے۔ چین اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے سامنے بھی وہی تقریر ہوتی ہے ۔سلیکٹڈ وزیراعظم ثابت کررہا ہے کہ اس کے پاس کوئی صلاحیت یا تجربہ نہیں ہے۔ہرجگہ بہتان، الزام تراشی، ملک کی بدنامی اور پاکستان کوکرپٹ ملک پیش کرنا۔کل موصوف ایسے تقریر کررہے تھے کہ جیسے کوئی این جی اوکا لیڈر کسی چیز کا پرچار کررہا ہو۔عمران خان نیا لیڈر نہیں ، 6سال بعد بھی اگر وہ یہ کہے کہ ہم تعلیم وصحت کا کام کریں گے، یہ درست نہیں ہے۔مسلم لیگ ن نے گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی دی، دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتی، سی پیک کے منصوبے کھڑے کیے، عمران خان نے امریکا میں کوئلے کے دریافت کی بات کی۔کوئلے کے خزانوں کو مسلم لیگ ن کی حکومت نے سی پیک سے پیسا لاکر دیااور سندھ حکومت نے کام شروع کیا۔یہ خواب مسلم لیگ ن نے حقیقت بنا دیا ہے۔آج تھرکے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کیلئے 6بلین کی رقم آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو امریکا میں پاکستان کا نمائندہ بننا چاہیے تھا،لیکن موچی دروازے بند والی تقریر کی۔ کہ میں واپس جاکر نوازشریف کا ٹی وی ،اے سی بند کرواؤں گا،یہی میرا تمغہ ہے۔ملک کے اندرتوکیا ملک سے باہر جاکربھی نوازشریف کا خوف قائم رہتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کیخلاف کاروائی عمران خان کے کہنے پر ہوئی، عمران خان نے اس کی تصدیق کل خود کردی ہے۔شاہد خاقان عباسی پر کسی قسم کی مالی بدعنوانی کا الزام نہیں ہے۔حکومتی وزراء بیان بازی سے قطر کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔قطر نے نہ صرف پاکستان کو سستی گیس دی بلکہ اب مشکل حالات میں بھی تین ارب ڈالر کی مالی امداد بھی کی ،لیکن ان کو کوئی احساس نہیں ہے۔