لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کئے گئے اثاثوں کی تفصیلات منظرعام پر آ گئی ہیں۔
مریم نواز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور سے جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی میں 1,506 کنال ایک مرلہ زرعی زمین کی ملکیت ظاہر کی ہے جس میں گزشتہ تین برسوں کے دوران 548 کنال کا اضافہ ہوا اور مختلف کمپنیوں میں ان کے شیئرز بھی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق مریم نواز حدیبیہ پیپر ملز، حدیبیہ انجینئرنگ لمیٹڈ، حمزہ سپننگ ملز، چوہدری شوگر ملز اور محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں شیئر ہولڈر ہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز نے فیملی کی زیر تعمیر فلور ملز میں 34 لاکھ 62 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور انہوں نے سافٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 70 لاکھ روپے بطور قرض بھی دے رکھا ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کو 4 کروڑ 92 لاکھ 77 ہزار روپے کے تحائف بھی ملے جبکہ ان کے پاس ساڑھے 17 لاکھ روپے کے زیورات بھی ہیں۔کاغذات نامزدگی فارم میں مریم نواز نے اپنے بھائی حسن نواز کی 2 کروڑ 89 لاکھ روپے کی مقروض ہونے کا بھی بتایا ہے۔ دستاویزات کے مطابق مریم نواز نے 3 برسوں کے دوران 64 لاکھ روپے سے غیر ملکی دورے بھی کئے۔