لاہور: معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا دو روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کی طرف سے دئیے گئے افطار ڈنر پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مریم نواز نے ن لیگ کو ٹیک اوور کر لیا ہے۔اور یقیناَ نواز شریف نے یہ فیصلہ پہلے ہی کر لیا تھا۔
اس سے قبل 2016ء میں بھی یہ طے ہوا تھا کہ تمام سیاسی میدان شہباز شریف کے حوالے کر دیا جائے گا،یہ بات تب کی ہے جب نواز شریف دل کے آپریشن کے لیے باہر گئے تھے۔ نواز شریف تب تقریر کرنے لگے تھے کہ میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر رہا ہوں اور تمام معاملات شہباز شریف کے حوالے کر رہا ہوں۔لیکن عرفان صدیقی نے کہا کہ میں آپکو ایسی تقریر نہیں لکھ کر دوں گا،یہ بات چلتی رہی اور الیکشن سے قبل یہ شہباز شریف پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننے کو بھی تیار تھے۔ لیکن نواز شریف نے انہیں انکار کر دیا۔ڈاکٹر شاہد مسعود کا مزید کہنا تھا کہ اب مریم نواز نے ن لیگ کی سیٹ سنبھال لی ہے اور حمزہ شہباز کو بات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ جب کہ دوسری جانب ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز کی سیاست میں باقاعدہ انٹری نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق گذشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں شرکت کر کےمریم نواز نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ایک طرف جہاں مریم نوازآہستہ آہستہ سیاست میں متحرک ہو رہی ہیں وہیں دوسری جانب حمزہ شہباز کی پریشانی اور بے چینی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے افطار ڈنر پر بھی حمزہ شہباز نے کئی مرتبہ اپنے تاثرات سے بے زاری کا اظہار کیا۔ زرداری ہاؤس میں نہ صرف افطار ڈنر کے دوران بلکہ نیوز کانفرنس میں بھی حمزہ شہباز کافی زیادہ گم سم دکھائی دئے۔حمزہ شہباز نے کبھی ہاتھ منہ پر رکھا تو کبھی مٹھیاں بھینچ کر اپنی بے زاری کا اظہار کیا۔ کبھی لاتعلقی کا اظہار کیا، جس سے لگ رہا تھا جیسے انہیں اس افطار ڈنر میں زبردستی بٹھایا گیا ہے۔ مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو کے دوران بھی حمزہ شہباز کافی زیادہ بے زار دکھائی دئے۔