اسلام آباد:(22 مئی 2018)سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس ووٹ نہیں ہیں جبکہ مریم نواز نے سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم ، مریم نواز کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس ووٹ نہیں ہیں جبکہ مریم نواز نے (ن) لیگ کی سوشل میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہت اچھی سوشل میڈیا ٹیم ہے، ہم جس علاقے میں جاتے ہیں وہاں کی سوشل میڈیا ٹیم ہوتی ہے، مریم نواز نے مزید کہا کہ بعد میں مجھے پتہ چلتا ہے وہاں کی سوشل میڈیا ٹیم ہر چیز کور کرتی ہے۔
گزشتہ روز چشتیاں میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز نےخطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مخالفین پورے پانچ سال دھرنے دینے میں مصروف رہے اور اب اگلے پانچ سال کا پلان دے رہے ہیں۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ نوازشریف جو کہتے ہیں پاکستان اور عوام کی محبت میں کہتے ہیں، پاکستان ہمارا گھر ہے۔ اگر گھر کا سربراہ کسی ایسی چیز کی نشاندہی کرے جو بہتر ہو تو اس کو سننا چاہیے۔ نوازشریف گھر کے بڑے ہیں، آپ نہ صرف ووٹ دینا ہے بلکہ اس مرتبہ ووٹ پر پہرا بھی دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ جب کرپشن ثابت نہ کرسکے تو پھر ہمارے خلاف فتوے دیئے گئے، اب مخالفین نواز شریف کا انٹرویو لے کر بیٹھ گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کیلئے کام کرنے والے کو نکال دیا۔ یہ تو کہتے ہیں ہم اگلے 5 سال یہ کریں گے، لیکن نوازشریف نے تو 10 ہزار میگاواٹ بجلی بنادی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اوپر کی طرف جارہا تھا کہ نوازشریف کو وزیراعظم ہاؤس سے باہر کردیا گیا۔ سب ادارے مل کر نواز شریف کے خلاف ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔