کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ کے قریب تیرامیل میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک، 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔ دہشتگردوں کے راکٹ حملے میں 4 سالہ بچہ جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا۔ دشت کے علاقے تیرامیل میں واقع ایک مکان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا۔ دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے علاقے میں داخل ہوتے ہی چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر 7 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ بکتر بند گاڑی کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ تاہم سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے۔ دشتگردوں نے کارروائی کے دوران راکٹ بھی فائر کئے۔ ایک راکٹ قریبی مکان کو جا لگا جس سے ایک 4 سالہ بچہ جاں بحق اور خاتون زخمی ہو گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر زخمی اہلکاروں اور خاتون کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق تیرامیل آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے= دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان کو بھی سرچنگ کے بعد کلیئر کر دیا۔ مکان سے موٹر سائیکل، گولہ بارود اسلحہ اور خود کش جیکٹس بھی برآمد کر لی گئیں جبکہ خود کش جیکٹس کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ہے جس کی شناخت عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشتگردوں کا یہ گروہ سریاب روڈ پر لیویز اہلکاروں کے قتل سمیت دیگر دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث رہا ہے۔