کھاریاں(نیئر صدیقی سے) کھاریاں کے شہری پرایؤیٹ میٹرنٹی ہسپتالوں کی رات کو ڈبل فیس وصول کرنے پر پریشان، جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں رات کو آن کال گائناکالوجسٹ کی فری سہولت حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کھاریاں شہر کی آبادی پچاس ہزار سے زیادہ بتائی جاتی ہے اور چھ کے قریب پرائیویٹ میٹرنٹی ہسپتال کام کر رہے ہیں۔ شہریوں نے نمائندہ ایکسپریس کو توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ رات کو اگر کسی خاتون کو پرائیویٹ میٹرنٹی ہسپتال لے جایا جائے تو مریضہ کو چیک کرنے سے پہلے ہسپتال کا عملہ ڈبل فیس کا تقاضا کرتا ہے۔ جس کی وجہ سے غریب شہری سخت پریشان ہیں۔ جس کیلئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نظر ثانی کرتے ہوئے پرایؤیٹ ہسپتالوں کو ہمدردانہ رویہ اختیار کرنے کی طرف توجہ دلائے۔ رات ہو یا دن ، ایمرجنسی مریضوں کیلئے ایک ہی فیس وصول کی جائے۔ تاکہ اس مہنگائی کے دور میں شہریوں کیلئے دشواریاں پیدا کرنے کی بجائے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ اس سلسلے میں کھاریاں پریس کلب کا نمائندہ وفد کھاریاں کے میٹرنٹی ہسپتالوں سے جلد ہی ملاقات کر کے اس مسئلہ کی طرف توجہ دلائے گا۔