کراچی(نمائندہ خصوصی) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے
آجاتی ہیں، آئندہ خیال رکھیں گے کہ کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام نہ کرنے دیں، وفاقی حکومت کی نااہلی ہے کہ تجزیے کاروں کو تجزیے کا موقع ملتا ہے، شیخ رشید کو جو بات کرنے کا موقع ملا ہے یہ بھی وفاق کی نااہلی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سندھ مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، اس وقت8 ہزار 8 سو 55 مدارس رجسٹر کئے گئے ہیں جبکہ 1 ہزار 1سو 78 مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی ایسی کالعدم تنظیمیں ہیں جو نام بدل کر کھالیں وصول کرتی ہیں، ان کی تحقیقات کرائیں گے۔
مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ نواز لیگ والے اب مظلوم بننا چاہتے ہیں لیکن ہم انھیں مظلوم بننے نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جیسے لوگوں کو وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے تبصرہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
ایپکس کمیٹی کے جائزہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بتا یا گیا کہ سندھ حکومت نے اب تک فوجی عدالتوں میں 1 سو 5 کیسز بھیجے ہیں جن میں سے انسٹھ کیسز سماعت کے لیےمنظور ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے میں فرانزک لیب قائم کرنے کا حکم دیا جبکہ صوبے میں غیر قانونی تارکین وطن کا معاملہ وفاق سے اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔