مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد کے گھیراؤ کی تیاری شروع کردی،جمیت علمائے اسلام نے وفاقی دارلحکومت کا لاک ڈاؤن کرنے کی حکمت عملی بنانے کیلئے کمیٹی بنادی، مولانا کہتے ہیں موجودہ حکومت کو وقت دینے کا فائدہ نہیں ۔
جمعیت علمائے اسلام ف کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا آئین و جمہوریت کے استحکام کے لئے سیاسی قیادت کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ جعلی اکثریت کو وقت دینے کا کیا فائدہ؟ مولانا فضل اُلرحمن نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا ایجنڈا اور تاریخ نوازشریف کی مشاورت سے طے ہوگی، تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی شرکت کی دعوت دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ کا بیانیہ مُسترد کرتے ہیں اور اسے بدلنا چاہتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں عالمی ایجنڈے پرعمل کرنے کے بجائے اپنی اقتصادی صورتحال کو بہتر کرنا چاہیئے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ظالمانہ بجٹ نے قوم کی کمر توڑ دی ہے اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں ۔