کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل پر فائرنگ کے واقعے کے بعد جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان اور متحدہ رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کچھ دیر بعد ختم کر دیئے گئے۔
مولانا فضل الرحمان اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچے تو متحدہ کارکنان نے ان کا روایتی طریقے سے پرتپاک استقبال کیا گیا تاہم ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی خبرآنے کے بعد خوشگوارماحول میں ہونے والے مذاکرات ختم کردیئے گئے۔
مولانا فضل الرحمان نے رشید گوڈیل پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کو فوری طورپرگرفتارکیا جائے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی رشید گوڈیل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی صحت یابی کے لئے دعائیں کریں۔
واضح رہے ایم کیو ایم کی جانب سے قومی وصوبائی اور سینیٹ کی نشستوں سے استعفے دینے کے بعد حکومت نے انہیں منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے کراچی بھیجا ہے۔