اسلام آباد(ویب ڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر اپوزیشن کو اسمبلیوں سے استعفوں کی تجویز دے دی، ادھر اپوزیشن جماعتوں نے انھیں اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پرانی خواہش مولانا فضل الرحمان کی زبان پر پھر آ گئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت سے ملاقاتوں میں انھوں نے اسمبلی سے استعفوں کی تجویز دی۔دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تاہم انھوں نے اے پی سی کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔ذرایع کا کہنا ہے کہ تاریخ میں تبدیلی کی تجویز ن لیگ، پیپلز پارٹی اور اے این پی نے دی، تاہم مولانا نے کہا کہ اراکین کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں اس لیے اب یہ ممکن نہیں۔مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے کہ اے پی سی 26 جون ہی کو صبح 11 بجے ہوگی، جب کہ اپوزیشن جماعتیں بجٹ اجلاس میں بحث کے باعث تاریخ کی تبدیلی چاہتی تھیں۔ادھر مولانا نے تجویز دی کہ اپوزیشن جماعتیں ارکان سے استعفے جمع کر لیں، اپوزیشن ارکان سے استعفے لے کر حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ استعفوں کے آپشن کو آخری ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔اپوزیشن قیادت نے فضل الرحمان کو پارٹیوں میں مشاورت کی یقین دہانی کرائی، ذرایع نے بتایا کہ اپوزیشن کی اے پی سی میں استعفوں کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔