اٹلانٹا (ویب ڈیسک) بھارت کے نامور میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے عالم دین مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی، اے آر رحمان اور عالم دین مولانا طارق جمیل کے درمیان ملاقات کینیڈا میں ہوئی، ملاقات میں جاوید علی بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے کینیڈا میں بھارتی موسیکار اے آر رحمان سے ملاقات ہوئی۔ دونوں کے درمیان ملاقات کینیڈا میں سالانہ اسلامک اسپرٹ کانفرنس میں ہوئی۔ کانفرنس میں مولانا طارق جمیل نے بائیس دسمبر اور تیئس دسمبر کو اسلامی تعلیمات سے متعلق تقاریرکیں۔ اس موقع پر کانفرنس میں بھارت کے نامور میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان بھی شریک تھے۔ کانفرنس کے بعد اے آر رحمان نے مولاناطارق جمیل سے ملاقات کی۔ملاقات میں جاوید علی بھی موجود تھے۔ معروف مذہبی اسکالرمولانا طارق جمیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی پاک ﷺ والا اخلاق پیدا کرو، تھوڑی سی باتوں سے دعوت پھیل جائے گی۔دعوت کا مطلب لمبے لمبے بیان نہیں ہیں۔ دعوت تومختصر ہونی چاہیے اور اخلاق بلند ہو، تیر کی طرح بات اندر چلی جائے۔باتیں لمبی ہیں لیکن اخلاق سے خالی ہیں، جو اوپر سے گزر جائیں۔ لوگوں کو محبت دو، پتا نہیں کیا کیا ہیرے بکھرے پڑے ہیں۔اس قدر تنقیدی مزاج اور اس قدر نفرت ،تم کیا منہ دکھاؤگے؟اگر کسی کی طرف انگلی اٹھاؤ گے توتین انگلیاں تمہاری طرف اٹھتی ہیں ایک دوسری طرف جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ فرماتا ہے کہ نیکیاں زیادہ ہوں گی ،گناہ کم ہوں گے توپاس کردوں گا۔کسی میں کچھ نظر آئے نہ آئے لیکن کلمہ تونظر آتا ہے؟ اسی کلمے کی بدولت اس کی قدر کرو۔نہ جانے اللہ کو کونسی ادا کسی کی پسند آجائے۔ کسی کے عیب نہ دیکھا کروبلکہ لوگوں کی اچھائیاں دیکھا کرو۔ محبت ایک جادو ہے ، محبت کا جادو سرچڑھ کر بولتا ہے۔